حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کی اہم نصیحتیں
حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کی اہم نصیحتیں
تحریر: سید محمد شاداب رضوی۔ متعلم جامعۃ المصطفی العالمیہ۔ قم ایران۔
شہادت حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کے موقع پر تمام عاشقان اہل بیت علیہم السلام کی خدمت میں تعزیت و تسلیت کے ساتھ امام علیہ السلام کی بعض اہم نصیحتیں پیش خدمت ہیں:
الف۔ شیطان سے ہوشیار رہنے کے مواقع:
جب نوح علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ کے حضور اپنی قوم کے لئے بد دعا کی تو ابلیس ان کے پاس آیا اور کہا؛ اے نوح! مجھے تین جگہوں پر کبھی فراموش نہ کرنا ۔ کیونکہ میں ان تین جگہوں میں سے کسی ایک جگہ پر بندوں سے زیادہ قریب ہوں:
۱۔ جب بھی غصہ آئے مجھے یاد رکھنا۔
۲۔ جب دو لوگوں کے درمیان فیصلہ کرنا تو مجھے یاد رکھنا
۳۔ جب بھی آپ کسی نا محرم عورت کے ساتھ اکیلے ھوں اور آپ کے ساتھ کوئی نہ ھو تو مجھے یاد رکھنا۔
نتیجہ:
امام باقر علیہ السلام کے ارشاد سے پتہ چلتا ھے یہ تین مقامات وہ ہیں جہاں شیطان انسان پر غلبہ پاکر اسے گمراہ کرسکتا ہے لہذا ہمیں خاص کر ایسی جگہ ذکر پروردگار کرنا چاہیے تاکہ ہم اس کے مکر و فریب سے نجات پا سکیں۔ ]الخصال: 132/140[۔
ب۔ قبر میں کام آنے والے چھ خوبصورت چہرے:
ابو بصیر امام باقر (ع) سے نقل کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: جب مومن کا جسم قبر میں رکھا جاتا ہے تو اس کے ساتھ چھ خوبصورت چہرے قبر میں داخل ہوتے ہیں۔ ان میں سے
پہلا دائیں طرف کھڑا ھوتا ہے
دوسرا اس کے بائیں جانب
تیسرا اس کے روبرو
چوتھا اس کے پشت سر کھڑا ھوتا ھے
پانچواں اس کے پائینتی کھڑا ھوتا ہے۔
(چھٹا) جو ان میں سے سب سے زیادہ خوبصورت ہے اس کے سرھانے کھڑا ھوتا ہے۔
اور سب سے خوبصورت چھرہ دوسرے پانچ چہروں سے پوچھتا ہے: تم کون ہو؟
جو میت کے دائیں طرف ہے وہ کہتا ہے: میں نماز ہوں۔
اور میت کے بائیں طرف والا کہتا ہے: میں زکات ہوں۔
اور روبرو والا کہتا ہے: میں روزہ ہوں۔
اور پشت سر والا کہتا ہے: میں حج اور عمرہ ہوں۔
اور جو پائینتی کھڑا ہے کہتا ہے: میں وہ ہوں جس نے اپنے دینی بھائیوں کے ساتھ اچھا سلوک کیا۔
پھر وہ پانچ چہرے اس روشن چہرے سے جو سب سے زیادہ خوبصورت اور خوشبودار ھے پوچھتے ہیں: تم کون ہو، تو وہ جواب دیتا ہے"انا الولایة آل محمد ص" میں ولایت آل محمد ھوں۔ ]بحار الانوار، جلد 6: 134[۔
امام باقر علیہ السلام کے ارشاد کی روشنی میں نماز، زکات کی پابندی، روزہ ، حج و عمرہ ، لوگوں کے ساتھ نیک برتاو اور سب سے اہم ولایت اہل بیت علیہم السلام وہ اہم چیزیں ہیں جو ہماری نجات کی ضامن ہیں۔ اورموت کے بعد قبر اور اس کے بعد کے مراحل کے لئے کام آنے والے ہیں لہذا ہمیں ان سب چیزوں کاسب سے زیادہ دھیان رکھنا چاہئے۔
ج۔ دنیا کے بہترین کام:
امام محمد باقر علیہ السلام فرماتے ہیں:
جو شخص ان تین حالتوں میں سے کسی ایک کے لیے دنیا کا طالب ہو:
1- لوگوں سے بے نیازی کے لیے،
2 - گھر والوں کی آرام و اسائش کے لیے،
3- اپنے پڑوسیوں کی مدد کے لیے.
تو قیامت کے دن وہ اس حالت میں محشور ہو گا اور اللہ تعالیٰ سے ملاقات کریگا کہ اس کا چہرہ چودھویں رات کے چاند کی طرح چمک رھا ھوگا ۔ ]وسائل الشیعہ، ج17، ص21[
- ۰۳/۰۳/۲۴