حضرت امام جواد علیہ السلام علماء اہل سنت کی نگاہ میں
حضرت امام جواد علیہ السلام علماء اہل سنت کی نگاہ میں
تحریر: سید محمد شاداب رضوی ۔ متعلم جامعۃ المصطفی العالمیہ۔ قم ایران۔
امام جواد علیہ السلام نے نہ صرف شیعوں کو اپنے حسن و جمال کا دیوانہ بنایا ہے بلکہ سنی علماء کو بھی اپنا گرویدہ بنا دیا. علماء اھل سنت اپنے تاریخی اور حدیثی منابع میں، جس قدر ان کا ایمان اور علم ہے، انہوں نے حق کے لیے اپنی زبانیں کھولی اور شیعوں کے نویں امام حضرت جواد ع کی شخصیت کو یوں بیان کیا ہے:
۱۔ ابن جوزی حنفی (متوفی 654ھ):
"و محمد، الامام ابوجعفر الثانی کان علی منهاج أبیه فی العلم و التقی و الزهد و الجود..." یعنی محمد، ابو جعفر ثانی، اپنے والد (علی ابن موسیٰ الرضا) کی طرح عالم، متقی، زاھد اور سخی تھے.( التذکرة، ابن الجوزی)
۲۔ کمال الدین محمد بن طلحہ شافعی (متوفی 652ھ):
"... و ان کان صغیر السّنّ فهو کبیر القدر، رفیع الذّکر..." یعنی اپنی کم عمری کے باوجود وہ ایک قابل قدر اور مشہور شخصیت تھے۔( مطالب السّؤول، ابن طلحه شافعی، ص 239؛ الفصول المهمّه، ص 252.)
۳۔ شمس الدین ذہبی (748ھ):
"کان محمّد یلقّب بالجواد و بالقانع والمرتضی، ... و کان أحد الموصوفین بالسّخاء فلذلک لقّب بالجواد..." یعنی محمد کا لقب جواد، قانع اور مرتضی رکھا گیا تھا، اور وہ ان لوگوں میں سے تھے جنہیں ان کی سخاوت کی وجہ سے "جواد" کا لقب دیا گیا.( الوافی بالوفیات، ج 4، ص 105.)
۴۔ ابن تیمیہ حرانی دمشق (758ھ):
"محمد بن علی الجواد کان من اعیان بنی هاشم و هو معروف بالسخاء و السؤدَد و لهذا سُمّی الجوادُ... " یعنی محمد بن علی "الجواد" بنی ہاشم کے بزرگوں میں سے ہیں اور وہ اپنی سخاوت، فیاضی اور مہربانی میں مشہور تھے اور اسی وجہ سے انہیں "جواد" کہا جاتا ہے۔ (منهاج السنه، ابن تیمیه، ص 127.)
۵۔ ابن سباغ مالکی (متوفی 855ھ):
"و هو الامام التّاسع... عُرف بأبی جعفرالثانی، و إن کان صغیرالسّنّ فهو کبیر القدر، رفیع الذّکر، القائم بالامامة بعد علیّ بن موسی الرّضا..." یعنی وہ شیعوں کے نویں امام ہیں۔ ابو جعفر ثانی کے نام سے مشہور ہیں اور کم عمر ھونے کے باوجود ان کا بڑا مقام و مرتبہ و شہرت تھی اور وہ علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کے بعد امامت پر پہنچے تھے۔ (الفصول المهمّه، ص 251.)
۶۔ عبداللہ بن محمد بن عامر شبروی شافعی (متوفی 1172ھ):
امام رضا علیہ السلام کی اولاد کے بارے میں فرماتے ہیں:" ... اجلّهم و اشرفهم التاسع من الائمة محمد الجواد ... و کراماته رضی الله عنه کثیرة و مناقبه شهیرة..." یعنی ان میں سب سے بڑے اور بزرگ، شیعوں کے نویں امام محمد جواد تھے... اور ان کی کرامات بہت ہیں، اور ان فضائل مشہور ہیں۔(الاتحاف بحبّ الاشراف، ص 347.)
- ۰۳/۰۳/۱۷